ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کابینہ توسیع کے بعد کانگریس میں عدم اطمینان،حکومت سے باہر ہوئے وزراء نے دی پارٹی چھوڑنے کی دھمکی

کابینہ توسیع کے بعد کانگریس میں عدم اطمینان،حکومت سے باہر ہوئے وزراء نے دی پارٹی چھوڑنے کی دھمکی

Tue, 25 Dec 2018 11:37:29    S.O. News Service

بنگلورو،25دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کرناٹک کے ایچ ڈی کمارسوامی حکومت کے کابینہ توسیع کے تحت ہفتہ کو کابینہ میں آٹھ نئے وزیر شامل ہوئے۔وہیں دو وزراء کانگریس کے رمیش جارکیہولی (شہر انتظامیہ) اور آزاد ممبر اسمبلی آر شنکر (جنگلات و ماحولیات) کو کابینہ سے باہر کر دیا گیا۔ ادھر کابینہ سے باہرکیے جانے کے بعد اب جارکیہولی نے پارٹی چھوڑ دینے کی دھمکی دی ہے۔ساتھ ہی سابق وزیر راملنگا ریڈی سمیت کئی کانگریسی رکن اسمبلی کابینہ میں جگہ نہیں ملنے سے ناراض ہیں۔راملنگا ریڈی کے حامیوں نے پیر کو اسے لے کر احتجاج بھی کیا۔اس دوران مرکزی وزیر اور کرناٹک بی جے پی کے سینئر لیڈر سدانند گوڑا نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کانگریس کے باغیوں کا خیر مقدم کرے گی۔ایسے میں بی جے پی کی اس سیاسی پہل سے کرناٹک کی سیات گرم ہوگئی ہے۔ کابینہ سے باہر کئے جانے پر جارکیہولی نے کہا کہ وہ کسی بھی وقت اسمبلی کے عہدے سے استعفی دے سکتے ہیں۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اور کانگریسی رکن اسمبلی بھی ان کے ساتھ ہیں، رمیش نے کہاکہ میں ابھی تعدادنہیں بتاؤں گا۔ایک ہفتے انتظار کیجیے۔ انہوں نے کہاکہ میں گزشتہ تین ماہ سے استعفی کے لئے سوچ رہا تھا۔میرا اگلا قدم علاقے اور ریاست کے عوام کے مفاد میں ہوگا۔ذرائع کے مطابق شری منت پاٹل سمیت کانگریس کے ایک اور ممبر اسمبلی اور ایم ایل سی پارٹی سے استعفی دے سکتے ہیں۔اس سے پہلے بنگلور میں سابق وزیر راملنگا ریڈی سابق وزیر اعلی سددھارمیا اور ڈپٹی چیف منسٹر جی پرمیشورپر انہیں کابینہ سے دور رکھنے کا الزام لگا چکے ہیں۔بتا دیں کہ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے ہفتہ کو اپنے چھ ماہ پرانے کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے اس میں اتحاد پارٹنر کانگریس کے آٹھ اراکین کو شامل کیا۔نئے وزراء میں ستیش جارکیہولی ، ایم بی پاٹل، سی ایس شولی ،ایم ٹی بی ناگراج، ای تکارام، پی ٹی پرمیشور نائیک، رحیم خان اور آر بی تھمارپور شامل ہیں۔آٹھ میں سے سات وزیر شمالی کرناٹک کے ہیں۔کانگریس صدر راہل گاندھی نے جمعہ کی رات پارٹی کے توسیع کی منظوری دے دی تھی۔


Share: